تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کو کھری کھری سنا دیں

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تعصب کا مظاہرہ کر رہا ہے وہ پنجاب حکومت کے خلاف کب کارروائی کرے گا ؟
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی،چوہدری مونس الہٰی اور چوہدری حسین الہٰی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ریاض فتیانہ، سبطین خان، محمود الرشید اور محمد علی اکبر خان بھی موجود تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب کے ضمنی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے الیکشن پر تبادلہ خیال اور پنجاب میں ضمنی انتخابات میں حکومت پنجاب کی مداخلت پر اظہار تشویش کیا گیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ کے سامنے کیا گیاعہد توڑ دیا، اب سپریم کورٹ پنجاب حکومت کے ضمنی انتخابات میں مداخلت کا نوٹس لے، حمزہ شہباز کی جانب سے مداخلت پر کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ حکومت پنجاب بدترین دھاندلی کی مرتکب ہو رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی بار بار پارٹی لائن کراس کر رہے ہیں اور وہ ن لیگ کی ہر پارٹی میٹنگ میں بیٹھے نظر آتے ہیں، ہم الیکشن کمیشن کو مسلسل پنجاب حکومت کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کر رہے ہیں کہ پنجاب حکومت پری پول دھاندلی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن تعصب کا مظاہر ہ کر رہا ہے لیکن الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کے خلاف کب کارروائی کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں