آئی ایم ایف ہمیں ایک ارب ڈالر کیلئے تگنی کا ناچ نچا رہا ہے،رانا ثنا ءاللہ

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا رہا ہے،1 ارب ڈالر کیلئے ہم بحث میں پڑے ہوئے ہیں،ملک کی معیشت اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سیاسی ہم آہنگی کے بغیر ممکن نہیں،جب تک سیاسی جماعتیں مل کر نہیں بیٹھیں گی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخالفین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 4سال میں ملک کی تقدیر نہ بدلی،جن کی تقدیر بدلی ان کا تو جواب نہیں دیتے کہ وہ کون تھی اور کون تھا،صرف ایک شخص کہتا ہے لانگ مارچ کروں گا یہ کروں گا وہ کروں گا،

انکا کہنا تھاکہ ایسے بیانات قوموں کے لیے تباہی کا باعث بنتے ہیں،جب تک سب لوگ مل کر نہیں بیٹھیں گے ملک آگے نہیں جا سکتا۔کہتا ہے فلاں کو نہیں چھوڑوں گا، فلاں کو نہیں چھوڑوں گا، رانا ثنااللہ نے کہا کہ ملک کودیوالیہ ہونے سے بچانا ہے یہ وہ لمحہ تھا جس کے لیے یہ کرنا پڑا۔ کہا گیا ہر قیمت پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے،الیکشن کی طرف جاتے تو معاملہ نگراں حکومت کے پاس جاتا اور ملک ڈیفالٹ کی طرف جاتا،

انہوں نے کہا کہ ہم نے سوچا اس کے بجائے الیکشن میں چلا جایا جائے،ہماری حکومت پیٹرول کی قیمت بڑھانا نہیں چاہتی تھی، ہم نے بھرپور کوشش کی کہ تیل کی قیمتیں نہ بڑھانا پڑے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہاہے کہ ساڑھے3 سال ملک پر مسلط رہنے والے نااہل اور نالائق ٹولہ نے ملکی ترقی و بہتری کیلئے کوئی کام نہیں کیااور اپنی ساری توجہ اپوزیشن کی کردار کشی اور بلاجواز الزام تراشیوں سمیت انتقامی کاروائیوں پر مرکوز رکھی جس سے ملکی معیشت کا جنازہ نکل گیا اور ملک ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا جس پر ہمیں مجبورا عنان اقتدار سنبھالنا پڑی اوراپنی سیاست داو پر لگاتے ہوئے ریاست بچانے کیلئے نہ چاہنے کے باوجود مشکل فیصلے کرنا پڑے کیونکہ اگر ہم مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کے قریب پہنچ جاتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں