”پارلیمنٹ اور میڈیا میں موجود اِن آوازوں کو کچلنا ضروری “نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے خبردار کرتے ہوئے اعلان کر دیا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کیا جائے گا جس کے لیے ہمیں پارلیمنٹ اور میڈیا میں موجود دہشت گردوں کی حمایتی آواز کو کچلنا ہو گا،ہم سب کومل کر یہ جنگ لڑنی ہے،کل یہ نہ ہو سی ٹی ڈی کے خلاف پرچے کروائیں۔

”پاکستان ٹائم“کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سازشی عناصر نے ہمیشہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی،پاکستان پر دہشت گردی کے نام پر جنگ مسلط کی اور ملک کے خلاف انٹیلی جنس سول وار بھی شروع کی گئی،نسلی تعصب سے نکل کر پاکستان کو مقدم رکھنا ہو گا،سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں قابل ستائش ہیں،ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کیا جائے گا،جس کے لیے ہمیں کنفیوژن ختم کرنا ہے،اداروں کوغیر سیاسی ہونا ہے اور پارلیمنٹ اور میڈیا میں دہشت گردوں کی حمایتی آواز کو کچلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال اس وقت دن بدن بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے،جب جب الیکشن ہوتا ہے تو دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے،ہماری بھرپور کوشش ہو گی اور ہم اس مرحلے سے گزر جائیں گے،الیکشن میں افواج کی دستیابی بارے منسٹری آف ڈیفنس ہی بتا سکتی ہے۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، 2013ء اور 2018ء کے الیکشن میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے،دنیا میں آج کل پراکسیزکی جنگ ہوتی ہے،دشمن کی ایجنسیاں پاکستان کے خلاف بھرپور قسم کی پراکسی جنگ کر رہی ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی،بی ایل اے،بی آر اے،بی ایل ایف دہشت گرد تنظیموں کی دشمن ملک کی ایجنسیاں پشت پناہی کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں