اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں پیشی کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے لئے رجسٹرار آفس نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے لئے رجسٹرار آفس نے قواعد و ضوابط سے متعلق سرکلر جاری کر دیا ہے۔رجسٹرار آفس کے سرکلر کے مطابق 21 نومبر کو نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت ہو گی،آئی جی اسلام آباد نواز شریف کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری سیکیورٹی پاسز سے مشروط ہو گا،درخواست گزار کی قانونی ٹیم کے 15 وکلاء جبکہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے 5، 5 سرکاری وکلاء و کمرہ عدالت میں داخلہ کی اجازت ہو گی۔سرکلر کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 30 صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی،جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین ان انٹری پاسز سے مستثنیٰ ہوں گے۔