اولڈ ایسوسی ایٹس آف کنیرڈ سوسائٹی اور مشمول کے تعاون سے زمبیل ڈرامیٹک ریڈنگز کے نام سے پروگرام کا انعقاد

اولڈ ایسوسی ایٹس آف کنیرڈ سوسائٹی اور مشمول کے تعاون سے زمبیل ڈرامیٹک ریڈنگز کے نام سے پروگرام کا انعقاد

لاہور (شوبز ڈیسک)اولڈ ایسوسی ایٹس آف کنیرڈ سوسائٹی (OAKS) اور مشمول کے تعاون سے کنیئرڈ کالج فار ویمن کے ہلادیہ ہال میں ثقافتی اور فن سے بھرپورزمبیل ڈرامیٹک ریڈنگز کے نام سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں لٹریچر، پرفارمنس اور سٹوری ٹیلنگ کے حسین امتزاج نے سامعین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔


”پاکستان ٹائم ”کے مطابق تقریب کا آغاز کنیئرڈ کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ اور اوکس کی صدر آمنہ عمر کے افتتاحی نوٹ سے ہوا۔ شرکا میں جسٹس (ر) ناصرہ اقبال، سابق گورنر شاہد حامد، والڈ سٹی کے ڈائریکٹر جنرل جناب کامران لاشاری، محترمہ منیزہ ہاشمی، محترمہ شفق لاشاری، سنو کہانی میری زبانی کی بانی محترمہ سعدیہ سرمد اور محترمہ ثریا انور شامل تھیں۔تقریب کا عنوان “لیڈی چینگیز خان اینڈ پوم پوم ڈارلنگ تھا، یہ وہ نام ہیں جو قرا العین حیدر اور عصمت چغتائی نے ایک دوسرے کوپیار سے دے رکھے تھے اور یہ اِن دونوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا طریقہ تھا۔

تقریب میں کہانی سنانے کی لازوال روایت اور ریڈیو ڈراموں کی ڈائیلاگ ڈلیوری نے بہت متاثر کیا۔ اِس تقریب میں دوشاندار پرفارمنسوں نے شام کو مزید چار چاند لگا دیئے۔ پہلے عصمت چغتائی کا ڈرامہ گھونگٹ پیش کیا گیا جسے اسما موندر والا نے پرفارم کیا، اِس میں نہایت مہارت کے ساتھ زندگی کے رشتوں کو دھندلا کرتی ضد اور اناپرستی کو بیان کیا گیا تھا، یہ مزاح اور روایات سمیت رسوم و رواج کا بہترین عکاس تھا۔دوسرا ڈرامہ جو پیش کیا گیا وہ قرا العین حیدر کا نظارا درمیان ہے تھا، اِسے معروف اداکار سیف حسن، شمع عسکری اور اسما موندر والا نے پرفارم

کیا۔ اِس ڈرامے میں محبت اور دھوکہ دہی کی کہانی انتہائی موثر اور خوبصورت طریقے سے بیان کی گئی۔اِس شام کی خاص بات سیف حسن، شمع عسکری اور اسما موندر والا کی غیر معمولی اور پرزور پرفارمنس تھی جن کی صلاحیتوں نے اِن ادبی شہ پاروں میں جان ڈال دی۔ زارا ظفر سلمان کی ستار پر سریلی دھن نے شام کا مزہ دوبالا کر دیا۔ نامور اداکارہ سمیہ ممتاز نے زارا ممتاز کی لکھی وہ نظم پڑھی جو انہوں نے اپنی صاحبزادی مہوش ممتاز فاروقی کی یاد میں لکھی تھی، سمعیہ ممتاز نظم پڑھتے آبدیدہ ہو گئیں جبکہ ان کے اندازِ بیان نے حاضرین کے دل کو چھو لیا۔ یہ تقریب ہر لحاظ سے منفرد تھی جس میں ادب سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ایسی تقاریب کا انعقاد نئی روح پھونک دینے کے مترادف ہے، موجودہ حالات میں ایسی محفل لوگوں کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوتی ہیں۔ تقریب کے شرکا نے مزید ایسی تقاریب کے انعقاد پر زور دیا۔ آخر میں پرفارم کرنے والوں کو پھول اور سوینئرز دیئے گئے۔یادرہے کہ اوکس کنیرڈ کالج کے سابق طلبا کی تنظیم ہے،جس کا مقصد فارغ التحصیل طلبا اور کالج کے درمیان تعلق قائم رکھنا ہے، یہ تنظیم کالج کی بہتری میں ساتھ دینے کے ساتھ ساتھ طالبات کو سکالر شب بھی دیتی ہے۔ مشمول (اردو میں جس کا مطلب “شامل” ہے) زارا ممتاز اور مہوش ممتاز فاروقی فاونڈیشن کا ایک اقدام ہے، یہ ادارہ تاریخ، ثقافت اور روایات کو منانے اور فروغ دینے کے لئے مکالمے، بحث اور اختراع کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور مختلف شعبوں میں خیالات کی تشہیر اور تخلیقی اظہار کے لیے ایک جامع پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں