اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ میں نواز شریف اور ن لیگ کیہر کارکن کو محب وطن کہتا ہوں۔
”پاکستان ٹائم ”کے مطابق ہم نیوز کے پروگرام اپ فرنٹ ود موناعالم میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہاکہ جنہوں نے غلط کیا ہے ٹرائل ان کا ہونا چاہیے، ہم محب وطن لوگ ہیں، ہم چاہتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ انصاف ہو۔ ہمیں بیرونی خطرات کا سامنا ہے ، ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے ، وقت ہے کہ ہم غلطیوں سے سیکھیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والا جتھہ آج کل کہاں ہے ، جس نے کوئی غلط کام کیا ہے اس کو سزا ضرور ملنی چاہیے ، جس نے غلط کیا انہیں ایک پراسس سے سزا ملنی چاہیے ۔یہ ریاست اور یہ ادارے ہمارے ہیں، ہمارے ایک دوسرے کیساتھ سیاسی اختلاف ہیں اور رہیں گے۔علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ میں آج برملا یہ کہتا ہوں کہ نواز شریف اور ن لیگ کے بھی ہر کارکن کو محب وطن سمجھتا ہوں، لیکن کیا یہ دل بڑا کر کے ہمیں بھی یہ کہہ سکتے ہیں۔