لاہور(سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کے ترجمان عامر میر نے اڈیالہ جیل میں سینئر امریکی عہدیداروں کی عمران خان سے ملاقات کے دعوے کی تردید کردی اور ایسی افواہوں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے صدرچوہدری پرویز الہیٰ نے عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے امریکی عہدیداران، یورپین یونین کے نمائندوں اور آئی ایم ایف وفد نے ملاقات کی ہے جس کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ اور محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے بھی اس کی تردید کی تھی اور بتایا تھا کہ عمران خان سےصرف اہل خانہ اور وکلا کی ملاقات ہوئی ہے۔ اب پنجاب حکومت کے ترجمان عامر میر نے پرویز الہیٰ کے بیان ’حال ہی میں سینئر امریکی حکام کی اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ ملاقات‘ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں کسی امریکی عہدیدار نے عمران خان سے ملاقات نہیں کی، جیل میں کسی بھی قیدی سے ملاقات کے لیے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹ کی اجازت درکار ہوتی ہے، لیکن نہ تو کسی غیر ملکی ڈپلومیٹ کی جانب سے عمران سے ملاقات کی درخواست آئی اور نہ ہی ایسی کوئی ملاقات ہوئی۔