لاہور( سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان مسلم لیگ سے وابستگی رکھنے والے یوتھ ونگز کے رہنمائوں اور وکلاء نے لاہور ڈویژن کے صدر مراد راس اور سینئر رہنما نعمان لنگڑیال سے ملاقات کر کے استحکامِ پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا، اعلان کرنیوالے مجموعی طورپر 200سے زائد افرادتھے۔ لاہور ڈویژن کے صدر مراد راس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ہماری پارٹی پر صرف سیاسی قیادت نہیں بلکہ سیاسی کارکن بھی اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں ہم نام کی نہیں کام کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ہم نے پہلے بھی کام کر کے دکھایا آ ئند ہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ،الیکشن سے پہلے بڑے نام آئی پی پی میں شامل ہونے جا رہے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ پی ٹی آئی کیلئے جن لوگوں نے قربانیاں دیں انہیں فراموش کر دیا گیا ،پارٹی میں 10لوگ ایسے تھے جو وزیر اعلی کیلئے بہترین انتخاب ہو سکتے تھے لیکن عثمان بزدار کی صورت میں ایسے شخص کو وزیر اعلی بنا دیا گیا جو اس کا اہل ہی نہیں تھا ،نتیجہ یہ ہوا کہ عوام سے کئے وعدے پورے نہیں ہو سکے اور صوبہ انتہا درجے کی کرپشن کا شکار رہا یہ تمام حقائق خود چیئرمین تحریک انصاف کو بتائے لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔