” سموگ سے نمٹنا قومی ذمہ داری“وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام سے ماسک پہننے کی اپیل کر دی

لاہور(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ سموگ سے نمٹنا قومی ذمہ داری ہے،ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہو گا،پنجاب حکومت سموگ سے نمٹنے کے لئے ہر وہ اقدام اٹھا رہی ہے جو انسانی بس میں ممکن ہے،عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک پہنیں۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور میں 12مقامات پر سموگ ائیر فلٹر آئیو نائزر یونٹس لگائے جائیں گے،سموگ پر قابو پانے کے لئے اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مصنوعی بار ش برسانے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ بیجنگ میں سموگ کا خاتمہ کرنے والی چینی ماہرین کی ٹیم جلد لاہور کا دورہ کرے گی،پنجاب حکومت کی ایک اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بدھ کو الماتا روانہ ہو گی،30دن میں چنگ چی رکشوں کی فری رجسٹریشن کی جائے گی اور پھر غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈاون ہو گا،سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگائی جا رہی ہے،اب الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی،پنجاب میں پہلی بار انوائر مینٹل لیب قائم کی جائے گی،لاہور سمیت تمام ا ضلاع میں غیر معیاری فیول کی چیکنگ تیز کر دیا ہے،محکمہ پولیس اور ٹرانسپورٹ کو غیر معیاری پٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کریک ڈاون کاحکم دے دیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 10فیصد فصلوں کی باقیات کو جلایا جاتا ہے جبکہ انڈیا 90 فیصد فصلوں کی باقیات جلاتا ہے،کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید مشینری دیں گے تا کہ آئندہ سالو ں میں ہم ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں