لاہور(سپورٹس ڈیسک)ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی اور باولرز کی بدترین پرفارمنس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل عہدے سے مستعفی ہو گئے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مورنی مورکل نے اپنے استعفے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کو باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے جبکہ ٹیم مینجمنٹ میں مزید اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق مورنی مورکل کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر سمیت دیگر مینجمنٹ ارکان کی برطرفیوں کا بھی امکان ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مورنی مورکل کے مستعفی ہونے کے بعد کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کے لیے عمر گل کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم کی شکست پر مایوسی ہوئی،ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کی مگر تینوں شعبوں میں غلطیاں ہوئیں،وطن واپس جا کر کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور اپنی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔یہ بھی یاد رہے کہ قومی ٹیم نے ایونٹ میں 9 میچز کھیلے جس میں اسے 4 میں کامیابی ملی جبکہ 5 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔