استنبول(وقائع نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلم حکمران پونے 2 ارب عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کریں۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق استنبول میں الاتحاد العالمی لعلما المسلمین کے اجلاس سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لیے امت مسلمہ ایک ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمران پونے 2 ارب عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کریں، او آئی سی ایسے اعلانات کرے، جس سے امت مسلمہ کی حوصلہ افزائی ہو۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو 35 روز گزر گئے ہیں، بچوں اور خواتین کو قتل کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسپتال اور اسکول بھی محفوظ نہیں ہیں، اسرائیلی سفاکیت روکنے کےلیے عملی اقدامات کیے جائیں۔سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اسلامی سربراہی کانفرنس میں حماس قیادت کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔انہوں نے کہ کہ رفح کراسنگ کھول کر وہاں ایمرجنسی بنیادوں پر اسپتال تعمیر کیا جائے۔