ممبئی (سپورٹس ڈیسک)عالمی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف فیصلہ کن میچ کے آغاز سے پہلے ہی قومی ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور ہو سکتا ہے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس ورلڈکپ کے فائنل 4 مرحلے تک رسائی کیلئے ایک آخری موقع باقی ہے، تاہم ٹاس کی وجہ سے پاکستان سے سیمی فائنل تک رسائی کا موقع چھن جانے کا خدشہ بھی موجود ہے۔پاکستان کیلئے انگلینڈ کیخلاف میچ کا ٹاس بہت اہم ہو گا۔ اگر پاکستان ٹاس ہارا اور انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کر ترجیح دی، تو اس صورت میں پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان عملی طور پر ختم ہو جائے گا۔پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے انگلینڈ کو یا 287 رنز سے شکست دینا ہو گی، یا انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا ہدف محض 16 گیندوں پر حاصل کرنا ہو گا، بصورت دیگر پاکستان کا رواں ورلڈکپ میں سفر تمام ہو جائے گا۔
