جہلم(کرائم سیل)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف گھیرا مزید تنگ ہوتا جا رہا ہے،ایک کے بعد ایک مقدمے کے اندراج نے فواد چوہدری کے خاندان کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے،سابق وزیر اطلاعات کے خلاف اب ڈکیتی اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،مدعی مقدمہ کا دعوی ہے کہ سابق وزیر اپنے ساتھیوں سمیت میرے بھائی کے مکان پر قبضہ کرنے آئے تھے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف دھوکا دہی اور زمینوں پر قبضے کے بعد اب ڈکیتی اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔فواد چوہدری پر اب ان کے آبائی علاقے جہلم میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پنڈداد نخان میں درج ایف آئی آر میں ڈکیتی اور دھمکیوں کی دفعات لگائی گئی ہیں۔مدعی مقدمے کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری 30 نومبر 2020 کو مسلح ساتھیوں کے ہمراہ میرے بھائی کے مکان پر قبضہ کرنے آئے اور چارپائیاں،کھاد کی بوریاں اور صوفہ اٹھا کر لے گئے۔فواد چوہدری کو 4 نومبر ہفتے کے روز اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔