ممبئی (سپورٹس ڈیسک) ورلڈ کپ کے سنسنی خیز میچ میں میکسوئل نے 200رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو افغانستان سے ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےمقررہ پچاس اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 291رنز بنائےجس کے جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 7وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ”پاکستان ٹائم “کے مطابق ٹاس کی جیت آج افغانستان کے حصے میں آئی تو کپتان حشمت اللہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کے آغاز پر رحمن اللہ گرباز اور ابراہیم زردان کریز پر آئے تاہم گرباز آسٹریلین باولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور محض 21 رنز پر ہیزل وڈ کی بال پر سٹارک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے، رحمت شاہ 30 ، کپتان حشمت اللہ 26 اورعظمت اللہ 22 ، محمد نبی 12رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ابراہیم زدران 129اور راشد خان35سکور بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیلز ووڈ نے دو جبکہ مچل سٹارک ، ایڈم زیمپا اور گلین میکسوئل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کے بلے باز میدان میں آئے تو ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام ہو گیا اور ابتدائی سات وکٹیں 100سے بھی کم رنز میں گر گئیں لیکن پھر میکسوئل اور کپتان پیٹ کمنز نے فاتحانہ پارٹنر شپ لگا کر اپنی ٹیم کو میچ جتوایا۔ دونوں پلیئرز کی اننگز اپنی اپنی جگہ خاص تھی۔ جہاں ایک طرف میکسوئل نے انجری کے باوجود گراونڈ میں چھکے چوکوں کی برسات کر کے 128گیندوں پر 201رنز بنائے تو وہاں ہی آسٹریلوی کپتان نے بھی منفرد بلے بازی کی، انہوں نے 68گیندوں پر صرف 12سکور بنائے لیکن وکٹ نہیں دی۔افغانستان کی جانب سے راشد خان ،نوین الحق اور عظمت اللہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔