تحریک انصاف کا عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے، ہر حلقے سے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان

تحریک انصاف کا عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے، ہر حلقے سے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ہدایت پر ہر قسم کے ریاستی ظلم و جبر کے باوجود قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کردیا اور کور کمیٹی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخاب کیلئے ہر حلقے میں اپنا امیدوار نامزد کرے گی۔کورکمیٹی نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ عمران خان انتخاب سے قبل جیل سے رہا ہوکر اس تاریخی انتخاب میں اپنی قوم کی قیادت کریں گے۔ پاکستان ٹائم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں قید ناروا میں عظمت، جرات، بہادری اور استقامت کی بےمثال تاریخ رقم کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف کو خراجِ تحسین پیش کیاگیا اور کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین اپنی قوم کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد، مزاحمت، بالغ نظری، الوالعزمی اور استقامت کا استعارہ ہیں،بغیر کسی قانونی جواز کے محض ریاست کے ننگے انتقام کا نشانہ بنتے ہوئے کم و بیش سو روز سے جیل میں قید چیئرمین تحریک انصاف کے پایۂ استقامت میں لغزش کے کوئی آثار نہیں۔ کورکمیٹی کا کہناتھاکہ عمران خان کی جواں ہمّتی، ثابت قدمی اور اپنی قوم کی حقیقی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا عزمِ مصمَّم 24 کروڑ پاکستانیوں کیلئے ہمت و حوصلے کا وسیلہ بن رہا ہے،اپنی چوری، ذاتی مفادات اور گھٹیا سیاست بچانے کیلئے ریاست سےسمجھوتوں کی بھیک مانگنے، معافی ناموں سے منہ کالا کرکے باہر بھاگنے اور این آر اوز کی چھتری لیکر واپس آنے والے بےحمیّت کرداروں کی سیاست کو عوام پیروں تلے روند چکے ہیں،ریاستی جبروفسطائیت کی کوئی مقدار تحریک انصاف کو آئین کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی، قانون کی حکمرانی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے سے نہیں روک سکتی۔ کور کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی نڈر قیادت کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کا ہر قسم کے ریاستی ظلم و جبر کے باوجود قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیاجائے گا، پی ٹی آئی ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخاب کیلئے ہر حلقے میں اپنا امیدوار نامزد کرے گی، ریاست نے اپنی کٹھ پتلیوں کے عبرتناک انجام سے خوفزدہ ہو کر انہیں ماورائے قانون انداز میں قید میں رکھا تو عمران خان جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے اپنی قوم کی قیادت کریں گے اور عوام کی تائید و حمایت سے ظلم کو اس کے کارندوں سمیت شکستِ فاش سے دوچار کریں گے۔ کور کمیٹی کا کہناتھاکہ بدترین ریاستی مداخلت، ناہموار انتخابی میدان اور دھاندلی سے کروائے گئے انتخابات کو قوم تسلیم کرے گی نہ دنیا میں اسے کوئی حیثیت حاصل ہوگی، الیکشن کمیشن آف پاکستان دھاندلی کی سیاہی اپنے چہرے پر ملنے سے گریز کرے جبکہ عدالتِ عظمیٰ ریاستی مشینری کے سر پر جھُرلو انتخاب کے سوار بھوت کا نوٹس لے، کورکمیٹی کی جانب سے پہلے پی ڈی ایم اور اب نگران حکومت کی جانب سے معیشت کی تباہی پر وائیٹ پیپر کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں