نواز شریف نے ن لیگی رہنماوں کو الیکشن بارے اہم ہدایات جاری کر دیں

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پارٹی رہنماوں کو عام انتخابات کی بھر پور تیاری کرنے کی ہدایت کر دی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق نواز شریف کی چار سال بعد پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاون آمد ہوئی،پارٹی صدر شہباز شریف نے دیگر رہنماوں کے ہمراہ سابق وزیر اعظم کا استقبال کیا اور سیکرٹریٹ آمد پر انہیں مبارکباد پیش کی۔سیکرٹریٹ میں قائد ن لیگ سے پارٹی کے سینئر رہنماوں نے ملاقات کی،جن میں خواجہ آصف،احسن اقبال،خواجہ سعد رفیق،سینیٹر اسحاق ڈار،سردار ایاز صادق،بشیر میمن،مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں،اس موقع پر چیف آرگنائزر مریم نواز اور پرویز رشید بھی موجود تھے۔اجلاس میں ملکی صورتحال اور پارٹی کی مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،میاں نوازشریف کی مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقاتوں کے آغاز کے ساتھ ہی مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم نئے مرحلے میں داخل ہو گئی۔ملاقات میں لیگی قائد نے پارٹی رہنماوں کو عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کریں گے، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔
دوسری جانب محمد نواز شریف نے استقبالیہ کمیٹی سندھ کے چیف آرگنائزر سندھ بشیر میمن سے ملاقات میں 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر صوبہ سندھ سے کارکنوں اور رہنماوں کی بھرپور شرکت کو سراہا۔نوازشریف نے 21 اکتوبر کو لاہور آنے والے اقلیتی ونگ کے کارکن کرامت مسیح کے انتقال پر تعزیت کی اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کے تاریخی جذبے اور قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتا۔نواز شریف نے بشیر میمن کو مسلم لیگ ن میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے آنے سے صوبہ سندھ میں پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہو گی۔اس موقع پر میاں شہباز شریف نے بھی صوبہ سندھ تنظیم کی کارکردگی اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بشیر میمن کے آنے سے پارٹی سرگرمیوں میں ایک نیا جذبہ پیدا ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں