ریاض(سپورٹس ڈیسک)سعودی عرب نے بھارت میں کھیلی جانے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)میں بھاری سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق غیرملکی خبر رساں ادار ے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کی نظریں انڈین پریمیئر لیگ میں 30بلین ڈالر کے حصص پر ہیں۔اس حوالے سے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس کے حصص کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مشیروں کے ذریعے بھارتی حکومتی عہدیداروں سے رابطہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ بات چیت کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ولی عہد نے گزشتہ ستمبر میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ سعودی عرب نے اس لیگ میں 5ارب ڈالر سرمایہ کاری اور اسے دنیا کے دیگر ملکوں تک پھیلانے کی پیشکش کی ہے۔