لاہور(وقائع نگار) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات کاشف نواز رندھاوا اور مسلم لیگ ن جدہ کے جنرل سیکرٹری مہر عبدالخاق نے ملاقات کی۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق ملاقات میں عام انتخابات سمیت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔ گورنر نے کہا کہ میاں نواز شریف کی آمد تازہ ہوا کاایک جھونکا ہے۔اوورسیز کمیونٹی نواز شریف کے ویڑن کیساتھ ہے اور اوورسیز کے بچوں کے لیے تعلیم کے مواقع آسان بنانے کے لیے بیرون ملک پاکستانی جامعات کے کیمپس کھولنے کی پالیسی پر کام تیزی سے جاری ہے۔اوورسیز پاکستانیوں کے لیے تعلیم سمیت کاروباری سہولیات کی فراہمی حکومت کا فرض ہے۔۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں۔
میاں نواز شریف کو اگر چوتھی بار وزیر اعظم بننے کا موقع ملا تو پاکستان ترقی کی معراج پر جائیگا۔مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی طاقت سے اقتدار حاصل کیا۔نواز شریف کی مدبرانہ سیاست کے نتیجے میں ملک میں افہام وتفہیم کی فضا بن سکتی ہے۔
کاشف نواز رندھاوا نے کہا کہ عام انتخابات میں ہماری جماعت مسلم لیگ ن کے ساتھ انتخابی اتحادبرقرار رکھے گی۔ مذہبی قوتوں کا ووٹ مسلم لیگ ن کو ملے گا۔ مہر عبدالخالق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا دوراقتدار ہمیشہ اوورسیز کے لیے نیک شگون رہا ہے۔