اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے مابین عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہو گیا اور ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو ہوں گے ، اس سلسلے میںالیکشن کمیشن صبح سپریم کورٹ کو آگاہ کرے گا۔ سوشل میڈیا پر ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے اٹارنی جنرل برائے پاکستان منصور عثمان اعوان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چار اراکین کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی، تفصیلی بحث کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ادھرالیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔