اسلام آباد (مانٰٹرنگ ڈیسک) گھریلو صارفین کیلیے گیس کی قیمتوں میں 172 فیصد تک اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں 172 فیصد تک اضافے کی منظوری دےدی ۔اطلاق یکم نومبر (کل)سے ہوگا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ جس کے بعد پیٹرولیم ڈویڑن نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق ماہانہ 25 سے 90 مکعب میٹر تک گیس کے پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے قیمت نہیں بڑھائی گئی جبکہ پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے فکسڈ چارجز 10 سے بڑھا کر 400 روپے کر دیے گئے، پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ماہانہ بل 900 روپے سے زیادہ کا نہیں ہوگا، جبکہ تندور کے لیے بھی گیس کے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کےلیے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ماہانہ 25 مکعب میٹر کے صارفین کےلیے قیمت 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 60 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 300 سے بڑھ کر 600روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 100 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 400 سے بڑھا کر 1000روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ماہانہ 150 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 600 سے بڑھا کر 1200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 200 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 800 سے بڑھا کر 1600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 300 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 1100 سے بڑھا کر 3000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔ماہانہ 400 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 2000 سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 400 مکعب میٹر سے زائد استعمال پر قیمت 3100 سے بڑھا کر 4000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈالر کی اڑان آج بھی جاری