”ہمارے حکمران بزدل اور خوف میں مبتلا،لاکھوں نوجوان غزہ جا کر شہادت کیلئے تیار ہیں“سراج الحق نے لاہور میں بھی ملین مارچ کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قبلہ اول کی آزادی ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، لاکھوں نوجوان غزہ جا کر شہادت کیلئے تیار ہیں۔ جماعت اسلامی 19 نومبر کو لاہور میں ملین مارچ کرے گی۔

سب سے مستند اور معتبر خبریں پڑھنے،دلچسپ ویڈیوز دیکھنے اور سیاسی حالات سے باخبر رہنے کے لئے پاکستان ٹائم کا واٹس ایپ چینل جوائن کریں
”پاکستان ٹائم “کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں جماعت اسلامی نے تاریخی ”غزہ مارچ“کیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔امریکی سفارتخانے کے سامنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ ہے تو ہم فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں،اسرائیلی حملوں میں ساڑھے 7 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،اسرائیل نے آبادیوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنایا، فلسطینی عوام کو نسل کش جنگ کا سامنا ہے،ہمارے حکمران امریکہ کے خوف میں مبتلا ہو کر اسے خوش کرنے میں مصروف ہیں،اللہ یا امریکہ میں سے کسی ایک کی غلامی کا انتخاب کرنا ہو گا،ہماری ایمان کی طاقت سب سے زیادہ مضبوط ہے،ہمیں صلاح الدین ایوبی جیسے رہنما کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کو شکست ہوگی،کاش آج اسلامی ممالک ایک آواز بنتے،ہمارے حکمران بزدل اور خوف میں مبتلا ہیں،حکمرانوں نے زندہ ممالک کو مردہ قبرستان بنا دیا گیا۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے امریکی سفارت خانہ کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا تو امریکی نائب سفیر کا پاکستانی حکام کو فون آیا،امریکی سمجھتے تھے کہ ہم سفارت خانہ کو نقصان پہنچائیں گے،گذشتہ روز مارچ کی تیاریاں کرنے والے کارکنوں پر اسلام آباد انتظامیہ نے طاقت کا استعمال کیا،لاٹھیاں برسائیں اور ہمارے پوسٹرز شاہراہوں سے اتارے گئے،یہ سب کچھ کسے خوش کرنے کے لیے کیا گیا؟پاکستان کی حکومت سے پوچھتا ہوں کہ ہمارے کارکنان پر جب لاٹھیاں برسا جا رہی تھیں عین اسی وقت طیب اردوغان ترکی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں کے مجمعے کو لیڈ کر رہے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں