شنگھائی (کامرس رپورٹر )چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای )سے قبل پاکستانی زیورات کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے گزشتہ 22 سالوں سے چین میں مقیم پاکستانی زیورات بینڈ ونزا کے بانی عقیل چوہدری نے شنگھائی کے فرسٹ کلاس شاپنگ مالز میں نیو ورلڈ ڈائمارو میں سی آئی آئی ای کے لیے ایک عظیم الشان پاکستانی زیورات برانڈ کی پیشگی نمائش کا انعقاد کیا۔
پاکستان ٹائم کے مطابق پیشگی نمائش نے شرکا کو اپنی طرف متوجہ کیا جن میں ممکنہ خریدار، صنعت کے پیشہ ور افراد اور شوقین شامل تھے۔عقیل چوہدری نے روایتی اور معاصر پاکستانی زیورات کا شاندار مجموعہ پیش کیا جس میں ملک کے شاندار ورثے اور دستکاری کو اجاگر کیا گیا۔مہمانوں کو بہترین ہار،بالیاں،بریسلیٹ اور انگوٹھیوں کی نمائش سے محظوظ کیا گیا جو پاکستانی زیورات کے تنوع اور خوبصورتی کی عکاسی کرتے ہیں۔چھٹی سی آئی آئی ای 5 سے 10 نومبر تک نیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر (شنگھائی) میں منعقد ہو گی،جو لی لونگ کے لئے سی آئی آئی ای میں حصہ لینے کا پانچواں موقع ہے۔چینی مارکیٹ کی بے پناہ صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے عقیل نے پاکستانی زیورات کو وسیع تر سامعین کے سامنے متعارف کرانے کے موقع سے فائدہ اٹھایا ہے۔وہ سی آئی آئی ای کو تازہ ترین رجحانات سے باخبر رہنے،اپنی مصنوعات کی ترقی پر زور دینے اور ساتھیوں سے سیکھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتے ہیں۔اس سال وہ سی آئی آئی ای میں اپنے 36 مربع میٹر کے بوتھ پر دنیا کے بڑے پیداواری علاقوں سے روبیز، نیلمز کے ساتھ ساتھ پیریڈوٹس اور پاکستان کے مشہور ترین زمرد کی نمائش کریں گے۔اس پیشگی نمائش کی کامیابی سے عقیل کا ماننا ہے کہ پاکستانی زیورات آئندہ سی آئی آئی ای میں دیرپا تاثر قائم کرنے کے لیے تیار ہیں جس سے پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی اور معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ 2019 میں ونزا نے شنگھائی میں اپنا پہلا بوتیک قائم کیا،تیسری سی آئی آئی ای کے “جیولری سٹار” کا اعزازی ٹائٹل جیتا اور دوسرا بوتیک اس سال مارچ میں شین یانگ میں قائم کیا گیا تھا۔عقیل چین میں بڑی نمائشوں میں شرکت کرکے چینی زیورات کے صارفین کے رویے پر ڈیٹا جمع کرتا ہے ، جس سے اسے چینی مارکیٹ کے امکانات پر اعتماد ملتا ہے۔ہم مارکیٹ کی اصل صورتحال کے مطابق بیجنگ میں ایک شاخ کھولنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔