اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی ) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ترکیہ کے ساتھ خصوصا اقتصادی شعبے میں کثیرجہتی تذویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سب سے مستند اور معتبر خبریں پڑھنے،دلچسپ ویڈیوز دیکھنے اور سیاسی حالات سے باخبر رہنے کے لئے پاکستان ٹائم کا واٹس ایپ چینل جوائن کریں
”پاکستان ٹائم “کے مطابق ترکیہ کے 100 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ترک عوام کے نام ایک تہنیتی پیغام میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت نے ترکیہ کے ساتھ اشیا کی تجارت کے معاہدے اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک پر دستخط سمیت اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، گہری اقتصادی شراکت داری اور مضبوط رابطے آنے والے برسوں میں دوطرفہ تعلقات آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہب،ثقافت اور تاریخ پر مبنی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اعلی سطحی تذویراتی تعاون اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک سمیت ادارہ جاتی طریقہ کارکے تحت دفاع،صحت،تعلیم،زراعت، سیاحت،ثقافت اوراقتصادی شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے گزشتہ ایک سو سال کے دوران خصوصا صدر رجب طیب اردگان کی متحرک قیادت میں ترکیہ کی شاندار ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریہ ترکیہ کی دوسری صدی کے آغاز پر ترکیہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں،خدا کرے کہ دونوں اقوام کے مابین یہ محبت و احترام کا منفرد رشتہ ہمیشہ ایسے ہی قائم رہے۔