اوپننگ جوڑی کی ناکامی کے بعدرضوان بھی ساتھ چھوڑ گئے،پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار

چنئی(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنرز آج بھی نہ چل سکے،86 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان بھی آوٹ ہو گئے،تین وکٹوں کے نقصان پر پاکستانی کپتان بابر اعظم اور افتخار احمد کریز پر موجود ہیں۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق ورلڈکپ میں پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے،میچ میں کامیابی سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کی امید زندہ رکھے گی۔پاکستان کی پہلی وکٹ 20 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب اوپنر بیٹسمین عبداللہ شفیق 17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔دوسری وکٹ 38 رنز پر گری جب امام الحق 12 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے جو 27گیندوں پر 31رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے ۔20 اوور کا کھیل مکمل ہو چکا ہے اور کپتان بابر اعظم 46 گیندوں پر 36 رنز بنا کر کریز پر کھڑے ہیں جبکہ دوسرے اینڈ پر افتخار احمد موجود ہیں جنہوں نے تین رنز بنائے ہیں ،پاکستان کا مجموعی سکور 102 ہے۔بھارتی شہر چنئی میں کھیلے جانے والے اس میچ کا آغاز دوپہر ڈیڑھ بجے ہوا، میچ کے آغاز سے کچھ دیر قبل چنئی میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا تھا جو بعد ازاں تھم گیا۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں،حسن علی اور اسامہ میر پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے،ان کی جگہ وسیم جونیئر اور محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،ہمارے لیے یہ میچ ضروری ہے اسی لئے میچ پر فوکس کریں گے،تمام شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے،بیٹھ کر غلطیوں پر بات کی،کوشش کریں گے بہتر کرکٹ کھیلیں۔دوسری جانب پروٹیز کے کپتان ٹیمبا بووما کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں،البتہ اگر ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بلے بازی کی طرف ہی جاتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں