اسرائیلی ظلم کو امریکہ کی سو فیصد حمایت حاصل، افسوس امت کے حکمران سو رہے ہیں،سراج الحق پھٹ پڑے

چناب نگر(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امت کے لیے سب سے بڑا چیلنج غزہ میں اسرائیلی قتل عام روکنا ہے،شہر پر 19روز سے بارود کی بارش ہو رہی ہے،فلسطینی بچے،مائیں،بہنیں،بیٹیاں پکار رہی ہیں،جنھیں صہیونی ظلم سے بچانا حضورﷺسے محبت کا تقاضا ہے،افسوس کہ امت کے حکمران سو رہے ہیں، منبر و محراب کو مورچہ بنانا ہو گا۔

سب سے مستند اور معتبر خبریں پڑھنے،دلچسپ ویڈیوز دیکھنے اور سیاسی حالات سے باخبر رہنے کے لئے پاکستان ٹائم کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چناب نگر میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری بھی ان کے ہمراہ تھے۔امیر جماعت نے فتنہ قادیانیت کو دین کے خلاف عالمی سازش قرار دیا اور کہا کہ اسے امریکہ،اسرائیل اور بھارتی تکون کی مکمل حمایت حاصل ہے،جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے جان قربان کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔انہوں نے قادیانیت کی سازشوں کو بے نقاب کرنے پر بانی جماعت سید مودودی اور دیگر علما ئے کرام کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیلی ظلم کو امریکہ کی سو فیصد حمایت حاصل ہے،واشنگٹن اسے تھپکی دے رہا ہے اور مسلسل اسلحہ بھی پہنچا رہا ہے، اسرائیلی مظالم کو حاصل امریکی سرپرستی کے خلاف جماعت اسلامی 29 اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کے سامنے غزہ مارچ کرے گی،قوم سے بھرپور شرکت کی اپیل ہے۔

سراج الحق نے اسرائیلی مظالم بے نقاب کرنے پر اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیوگوتریس کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ یو این سیکرٹری جنرل نے اسرائیلی افواج کی جانب سے کئی دہائیوں سے فلسطین کے محاصرے پر کھل کر اظہار کیا ہے،عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ حق کا ساتھ دے،فلسطینیوں کے پاس جدوجہد اور مزاحمت کے علاوہ اور کوئی راستہ نہ تھا،اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جس نے گزشتہ سات دہائیوں سے لاکھوں فلسطینیوں کو در بدر کیا، بچوں اور خواتین کا قتل عام کیا گیا،اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کو نہ روکا گیا تو اس سے پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ جائے گا،پونے دو ارب مسلمان بے چین ہیں،اسلامی ممالک کے حکمران امت کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں، متحد ہو کر اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں،بیانات اور قراردادوں سے فلسطین آزاد ہو گا نہ وہاں مظالم رکیں گے،عالمی برادری غزہ میں فی الفور جنگ بندی کرائے،وہاں خوراک اور ادویات بھیجی جائیں۔
امیر جماعت نے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 193فیصد اضافہ کو عوام پر ظلم کی انتہا قرار دیتے ہوئے اس کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نگران حکومت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ پالیسی معاملات پر فیصلے کرے،اس سے قبل بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا گیا،حکومت آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے کی بجائے عوام کے مفادات کو تحفظ دے، لوگوں میں سکت نہیں کہ وہ بجلی،گیس کے بل ادا کر سکیں اور اس کے بعد اپنے بچوں کا پیٹ پالیں،مہنگائی سے ہر امیر اور غریب شخص پریشان ہے،خودکشیاں بڑھ رہی ہیں،لوگ ذہنی مریض بن چکے ہیں،جماعت اسلامی عوام کے حق کے لیے ہر سطح پر عوام اٹھائے گی۔انھوں نے کہا کہ مسائل کا حل سٹیٹس کو سے نجات میں ہے،اہل اور ایماندار قیادت ہی ملک کو خوشحالی اور ترقی دے سکتی ہے اور عقیدہ ختم نبوت کو مکمل تحفظ فراہم کر کے دین کے ابدی اور لافانی پیغام کو پوری دنیا میں عام کر سکتی ہے،قوم آزمائے ہوئے لوگوں اور پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں