بھارتی حکومت توہین رسالت کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے،وزیرخارجہ

اسلام آباد(وقائع نگار)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ بی جے پی رہنماﺅں کے توہین آمیز کلمات پر بھارتی سفارت کار کو طلب کر کیا گیا اورسفارت کار کو طلب کرکے حضرت محمد ﷺکے خلاف بی جے پی رہنماﺅں کے توہین آمیز کلمات پر پاکستان کا سخت پیغام دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بی جے پی قیادت اور ہندوستانی حکومت توہین آمیز کلمات کی مذمت کرے اور ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچائے۔
دوسری طرف چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان کے توہینِ رسالت ﷺ پر مبنی بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات تمام دنیا کے مسلمانوں کے لیے اضطراب اور دل آزاری کا سبب بنتے ہیں،مسلم کش اور فسطائی بھارتی حکومت کی وجہ سے بھارت میں مذہبی آزادی کو شدید خطرات لاحق ہیں،موجودہ بھارتی حکومت نے بھارت میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، او ائی سی اور دیگر عالمی تنظیموں کو بھارتی حکومت کی اسلاموفوبیا پر مبنی پالیسیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم اور خاص طور پر مسلم امہ اسلاموفوبیا کے خلاف موثر حکمت عملی اختیار کرے،تمام دنیا کے مسلمان نبی محترم ﷺ ناموس کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کرسکتے ہیں، موجودہ صورت حال پر پاکستانی حکومت اور عوام کی تشویش تمام مہذب دنیا کے پارلیمان تک پہنچائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں