پاکستان بمقابلہ افغانستان،شاہینوں نے ہدف دے دیا

چنئی(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے 22ویں میچ میں پاکستان نے افغانستان کو میچ جیتنے کے لئے 283 رنز کا ہدف دیا ہے،پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 50 اوورز میں 282 رنز بنائے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق چنئی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے پاکستان کو محتاط آغاز فراہم کیا،قومی بیٹرز نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ٹیم کی ففٹی مکمل کی۔امام الحق 56 کے مجموعے پر 17 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو عبداللہ شفیق کا ساتھ کپتان بابر اعظم دینے آئے۔ دونوں کے درمیان 54 رنز کی پارٹنرشپ بنی اور 110 کے مجموعے پر عبداللہ شفیق 58 رنز کی اننگز کھیل کر نور احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔محمد رضوان عجلت میں نظر آئے، 10 گیندوں پر 8 رنز بنانے کے بعد 120 کے مجموعے پر غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آوٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ پر بابر اعظم اور سعود شکیل کے درمیان 43 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔سعود شکیل 25 رنز بنا کر 163 پر آوٹ ہوئے۔پانچویں وکٹ پر بابر اعظم نے شاداب خان کے ساتھ سکور کو آگے بڑھایا۔اس وکٹ پر بھی 43 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔اس دوران بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 30ویں نصف سنچری مکمل کی، تاہم وہ 74 رنز بنا کر نور احمد کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے،چھٹے آوٹ ہونے والے کھلاڑی افتحار احمد تھے جنہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے محض 27 گیندوں پر چالیس رنز بنائے ،ساتویں وکٹ میچ کی آخری گیند پر شاداب خان کی گری جنہوں نے 38 گیندوں پر چالیس رنز بنائے۔افغانستان کی طرف سے نور احمد نے دس اوورز میں 49 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا،نوین الحق نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،راشد خان نے دس اوورز میں 41 رنز کھائے تاہم وہ کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے،محمد نبی اور عظمت اللہ عمرزئی کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں