اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے چار سال بعد لندن سے خود ساختہ جلا وطنی ختم کرتے ہوئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچتے ہی قانونی ٹیم سے مشاورت کی اور ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر دستخط بھی کر دیئے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں،اسلام آباد پہنچنے پر ان کے ہمراہ عرفان صدیقی اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے علاوہ صحافیوں اور لیگی رہنماوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔نواز شریف کے پہنچنے سے قبل ہی ن لیگ کی قانونی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچ گئی،قانونی ٹیم نے ان کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست تیار کی تھی۔قانونی ٹیم میں بیرسٹر ظفر اللہ خان،اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز سمیت دیگر موجود تھے۔نواز شریف طیارے سے اترتے ہی ایئرپورٹ لاونج پہنچے،جہاں قانونی ٹیم ان کی منتظر تھی۔نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل ہوا اور ان کے پاسپورٹ پر پاکستان داخلے کی مہر لگا دی گئی، جس کے بعد وکلا نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر نواز شریف سے دستخط کرائے۔