آسٹریلیا نے پاکستانی شاہینوں کو پہاڑ جیسا ہدف دے دیا

بنگلور(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 18 ویں میچ میں ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش کی شاندار سینچریوں کی بدولت نے آسٹریلیا نے پاکستانی شاہینوں کو جیت کے لیے 368 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق بنگلور کے چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کیے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی نے پاکستانی باولرز کی درگت بناتے ہوئے دھول چٹا دی،اہم میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو میچ کی پہلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی لیکن امپائر نے ایل بی ڈبلیو قرار نہ دیا،پاکستان نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا کیونکہ گیند بلے سے لگنے کے بعد پیڈ پر لگی تھی۔ کینگروز کے اوپننگ بلے بازوں ڈیوڈ وارنراورمچل مارش نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے کسی نقصان کے بغیرسکور کو 250 سے اوپر پہنچا دیا تاہم 259 رنز پر لگا تار دو وکٹیں گرگئیں۔ 35 ویں اوورمیں شاہین شاہ آفریدی لگا تار دو گیندوں پر اوپنر مچل مارش گلین میکسویل کی وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔مچل مارشل 121 اور گلین میکسویل صفر پر پویلیین لوٹے۔ڈیوڈ وارنر نے 163 رنز کی انفرادی اننگز کھیلتے ہوئے اپنے ہی ہم وطن اینڈریو سائمنڈ کا ریکارڈ توڑ دیا۔سائمنڈ نے 2003ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف 143 رنز بنائے تھے جبکہ بھارت کے روہت شرما نے 2019 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف 140 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ڈیوڈ وارنر نے اپنی اننگز کے دوران پاکستانی بولنگ لائن کو 9 چھکے اور 14 چوکے لگائے،وہ حارث روف کی جس گیند پر کیچ آوٹ ہوئے،اس سے قبل ہی انہوں نے بولر کو چھکا لگایا تھا۔شاہین شاہ آفریدی نے متاثر کن باولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 24 گیندوں پر 21 رنز بنانے والے سٹوئنس کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔حارث نے بھی ابتدائی طور پر مار کھانے کے بعد میچ میں واپسی کرتے ہوئے مارنس لبوشین کو آوٹ کر کے اپنی تیسری وکٹ لی۔شاہین آفریدی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اننگز کے آخری اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر مچل اسٹارک اور ہیزل کو آوٹ کر دیا۔آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں