علامہ طاہر اشرفی کی فلسطینی سفیر سے ملاقات، ریاست اور پاکستانی عوام کی جانب سے بڑی یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور صدر انٹرنیشنل انٹر فیتھ ہارمنی کونسل علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیعی سے ملاقات،فلسطین کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق چیئرمین پاکستان علماءکونسل اور صدر انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی پاکستان میں فلسطین کے سفیر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماوں نے فلسطین کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پوری امت مسلمہ فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ ہے،غاصب اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں پر مظالم کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہیں، پاکستان کی ریاست اور عوام اہل فلسطین کی مکمل تائید و حمایت کرتی ہے۔علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فلسطینی سفیر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی”یکجہتی فلسطین کانفرنس“میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیعی نے کہا کہ اہل فلسطین اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں،اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی سے ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہیں،اہل فلسطین کی غزہ سر زمین ہے،اہل فلسطین اپنی سر زمین سے دستبردار نہیں ہوں گے۔انہوں نے پاکستان کی ریاست اور عوام کی طرف سے اہل فلسطین کی مکمل تائید و حمایت پر شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام 18 اکتوبر(کل بدھ کے روز)یکجہتی فلسطین کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہو گی جس میں اہم سیاسی و دینی رہنما اور اسلامی ممالک کے سفراء شرکت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں