لاہور(کامرس رپورٹر)شہر لاہور سمیت ملک بھر میں مرغی کی قمیتوں کو پر لگ چکے ہیں اور یہ آسمان پر پہنچ گئی ہیں،مرغی کا گوشت 900 جبکہ بون لیس گوشت 1800روپے میں فروخت ہونے لگا،حکومت مہنگائی میں کمی کا راگ الاپ رہی ہے جبکہ عید قربان کے فوری بعد مرغی کی قیمتیں جان کر ہی شہریوں کے پسینے چھوٹ رہے ہیں۔دوسری طرف صدر پولٹری ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 35 سال بعد عیدالاضحیٰ پر چکن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ملک بھر میں مرغی کی اونچی اڑان،مرغی کے گوشت کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں،عید قربان کے بعد ہمیشہ مرغی کے گوشت کی قیمت کم ہوتی رہی لیکن اس بار عید قربان کے بعد مرغی کا گوشت 900 روپے کلو تک پہنچ گیا۔مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے سے جہاں خریداروں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی تو مرغی فروش بھی مرغی کی قیمت میں اضافے سے پریشان ہیں،مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ سے فامرز اور عوام دونوں ہی مشکلات کا شکار ہیں۔مرغی کاگوشت عوام کے لئے پروٹین کے حصول کا سستا ذریعہ رہا ہے لیکن پروٹین حاصل کرنے کا یہ ذریعہ بھی مہنگا ہو گیا ہے،مرغی کے گوشت کے نرخ بڑھنے کی بنیادی وجہ فیڈ کی قیمت میں اضافہ ہے جبکہ بجلی،پٹرول کی قیمت میں اضافے سے بھی پولٹری انڈسٹری پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں،پیداوار لاگت میں اضافہ کی وجہ سے ان گنت فارمر پولٹری انڈسٹری سے لاتعلق ہو گئے جس وجہ سے رسد میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور پولٹری انڈسٹری بحران کا شکار ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ،سالانہ کتنی بچت ہو گی؟اعداد و شمار آ گئے
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 850 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ کراچی میںاب مرغی اور گائے کے گوشت کی قیمت میں بھی زیادہ فرق نہیں رہا،شہر قائد میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،عیدالاضحی کے تہوار کے بعد مختلف علاقوں میں مرغی کا گوشت 700 سے 800 روپے فی کلو تک میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ کراچی میں مرغی کا ہڈی کے بغیر گوشت 1400 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔دوسری طرف کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی قیمت فی کلو 100 روپے اضافے کے بعد 900 روپے ہو گئی ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد مرغی کا گوشت 900 روپے جبکہ گائے کا بغیر ہڈی کا گوشت 1100 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا ہے۔