ایران میں بے حجاب خواتین کی شناخت کیلئے عوامی مقامات پر کیمرے نصب

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک ) ایران نے بے حجاب خواتین کی شناخت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لینے کا فیصلہ کر لیا، ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنیوالی بے حجاب خواتین کی شناخت کے لیے عوامی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ لازمی قرار دیے گئے ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی بڑھتی تعداد کو روکنے کے لیے ایرانی حکام عوامی مقامات اور راستوں پر کیمرے نصب کر رہے ہیں تاکہ بغیر حجاب خواتین کی شناخت کرکے انہیں سزا دی جائے، اس حوالے سے آئندہ ہفتے سے سمارٹ ٹولز اور کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔ ایرانی پولیس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر حجاب نہ پہننے والوں کو پہلے تنبیہ کی جائے گی، دوسری بار خلاف ورزی پر عدالت میں پیش کیا جائے گا ، کسی فرد یا گروہ کی جانب سے حجاب قوانین کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حجاب قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے نیا فیصلہ ملک میں حالیہ مظاہروں کے بعد لازمی حجاب قوانین میں نرمی کے حکومتی فیصلوں پر طاقتور حلقوں کی ناپسندیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں