خفیہ امریکی دستاویزات لیک،واشنگٹن میں کھلبلی مچ گئی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)خفیہ امریکی دستاویزات کی نئی لیک نے واشنگٹن میں کھلبلی مچا دی،لیک ہونے والی خفیہ دستاویزات نے پینٹاگون کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور وائٹ ہاؤس میں ہنگامی صورتِ حال پیدا کرتے ہوئے بائیڈن انتظامیہ کو چوکنا کردیا ہے،دوسری طرف امریکی محکمہ انصاف نے لیک ہونے والی خفیہ دستاویزات کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کئی بڑے امریکی رازوں پر مشتمل خفیہ دستاویزات کی ایک تازہ کھیپ سوشل میڈیا پر لیک کردی گئی ہے،ان دستاویزات میں یوکرین اور مشرق وسطیٰ سے لے کر چین تک امریکی قومی سلامتی کے رازوں کی تفصیل بتائی گئی ہے،لیک ہونے والی دستاویزت کی تعداد 100 سے زیادہ ہے اور یہ دستاویزات حساسیت کے باعث بہت زیادہ نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ایک سینئر انٹیلی جنس اہلکار نے امریکہ،برطانیہ، آسٹریلیا،نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے حوالے سے اس لیک کو ’ایک ڈراؤنا خواب‘قرار دیا ہے،یہ پانچوں ممالک ”فائیو آئیز“ کے نام سے وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس کا اشتراک کرتے ہیں۔تازہ ترین دستاویزات ٹوئٹر اور دیگر سائٹس پر پائی گئیں،جس کے ایک دن بعد بائیڈن انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں نے اعترافاً کہا کہ وہ خفیہ یوکرینی جنگی منصوبوں کے ممکنہ لیک ہونے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ان دستاویزات میں یوکرین کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کی کمزوری کا تشویش ناک جائزہ بھی شامل ہے۔پینٹا گون کے ایک سابق سینئر اہلکار مک ملروئے نے کہا کہ خفیہ دستاویزات کا لیک ہونا ”سیکیورٹی میں ایک اہم بریچ“ کا انکشاف کرتا ہے جو یوکرین کی فوجی منصوبہ بندی میں رکاوٹ بن سکتا ہے،ان میں سے بہت سی دستاویزات تصاویر کی شکل میں تھیں اور ایسا لگتا ہے کہ یہ کسی نے جان بوجھ کر لیک کی ہیں جو یوکرین،امریکہ اور نیٹو کی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا۔ایک تجزیہ کار نے نیو یارک کو بیان میں کہا کہ اب تک جو کچھ ابھر کر سامنے آیا ہے وہ تو بس دیگ کا ایک چاول ہے۔ابھی تحقیقات جاری ہی تھیں کہ ایک گمنام فرینج میسج بورڈ 4Chan پر ایک نقشہ جاری کیا گیا جو مشرقی یوکرین کے شہر باخموت میں جنگ کی صورتحال کو ظاہر کرتا ہے، اور ایک مہینوں تک جاری رہنے والی شدید لڑائی کا منظر ہے لیکن افشا ہونے والی دستاویزات یوکرین کے جنگی منصوبوں کے حوالے سے انتہائی خفیہ مواد سے کہیں زیادہ ہیں۔سوشل میڈیا سائٹس پر گردش کرنے والی دستاویزات کا جائزہ لینے والے سیکیورٹی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ لیکس کی ان بڑھتی ہوئی تعداد میں چین، انڈو پیسیفک ملٹری تھیٹر، مشرق وسطیٰ اور دہشت گردی پر حساس بریفنگ سلائیڈز بھی شامل ہیں۔دوسری طرف
پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمہ دفاع اس معاملے کو دیکھ رہا ہے۔یوکرین کی فوج سے متعلق دستاویزات متوقع ہتھیاروں کی ترسیل، فوج اور بٹالین کی طاقت اور دیگر منصوبوں کے چارٹ کی تصاویر کے طور پر ظاہر ہوتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں