ایف آئی اے کی بڑی کاروائی،جعلی بائیو میٹرک سے سمز ایکٹو کرنے والا ملزم گرفتار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل نے کوئٹہ میں ایک بڑی کارروائی کر کے مختلف شہریوں کے جعلی بائیو میٹرک کے ذریعے غیر قانونی طور پر موبائل فون سمز کے اجراء میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم ہزاروں کی تعداد میں موبائل فون سمز غیر قانونی طریقے سے ایکٹیو کرنے میں ملوث تھا۔
”پاکستان ٹائم کے مطابق ملزم عرفان عاشق کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ہزاروں کی تعداد میں موبائل فون سمز غیر قانونی طریقے سے ایکٹیو کرنے میں ملوث تھا۔ملزم کے قبضے سے 2100 ایکٹیوٹڈ موبائل فون سمز، 1973 سیلیکون انگوٹھے، 1947 پیپر انگوٹھے شیٹس برآمد کر لی گئیں۔ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے 271 سیلیکون شیٹس، 20 ووٹر لسٹیں اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔گرفتار ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں