سابق امریکی صدر ٹرمپ گرفتار،فرد جرم عائد

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کو باضابطہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ فردِ جرم کا سامنا کرنے کیلئے نیویارک کی عدالت میں پیش ہوئے،جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگا دی گئیں۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم کے دوران خفیہ رقم کی ادائیگی کا الزام ہے۔امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی سابق امریکی صدر کو مجرمانہ الزامات کا سامناہے۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عدالت میں پیشی کیلئے ٹرمپ ٹاور سے روانہ ہوئے تھے،اس وقت مین ہیٹن عدالت کے باہر ٹرمپ کے حامی اور مخالفین بڑی تعداد میں جمع ہیں۔یاد رہے کہ پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کو سن 2016 کے انتخابی مہم کے دوران “ہش منی” یا منہ بند رکھنے کے لیے رشوت دینے کے الزام کی تفتیش کے بعد نیویارک کی گرینڈ جیوری نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ ووٹنگ کے ذریعہ کیاتھا،عدالت کے اس فیصلے کے ساتھ ہی 76 سالہ ٹرمپ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے سابق امریکی صدر بن گئے ہیں۔یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 18مارچ کو ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ انہیں چند دنوں کے اندر گرفتار کرلیا جائے۔انہوں نے شہریوں کو گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے کا بھی کہا تھا مگر اس وقت بھی بڑے پیمانے پر کوئی احتجاج نہیں ہوا تھا البتہ ممکنہ مظاہروں کو مدنظر رکھتے ہوئے نیویارک میں تیاریاں کرلی گئی تھیں جبکہ ٹرمپ کی آج عدالت پیشی کے موقع پر پولیس نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں