ترکیہ میں زلزلہ قدرتی آفت نہیں بلکہ ۔۔۔۔انتہائی تہلکہ خیز دعویٰ سامنے آ نے کے بعد نئی بحث چھڑ گئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ترکیہ میں ایک طرف جہاں تباہی کے باعث سماجی اتحاد کا مطالبہ اور امدادی کوششوں کی ہدایات کی جارہی ہیں، وہیں افواہوں کا بازار بھی گرم ہے،دعویٰ کیا جارہا ہے ترکیہ اور شام میں آنے والا زلزلہ امریکی خفیہ ”ہارپ ٹیکنالوجی“ کا نتیجہ ہے۔ٹوئٹر پر گزشتہ رات سے ”ہارپ“ٹرینڈ کر رہا ہے اور ایک لاکھ سے زائد ٹوئٹس اس ہیش ٹیگ کے حوالے سے کی جا چکی ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق قدرتی آفات یا کسی بھی بحران کے دوران سوشل میڈیا اکثر غلط معلومات اور افواہوں کے لیے ایک افزائش گاہ بن جاتا ہے،ترکی میں پیش آنے والے ہالناک اور تباہ کن زلزلے کے بعد یہ سلسلہ طول پکڑتا جا رہا ہے ،ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کو ”امریکی دہشت گردی“ سے جوڑا جا رہا ہے ۔پاکستان میں عسکری اور بین الاقوامی امور کے معروف متنازعہ ماہر زید زمان حامد نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ ترکی میں زلزلے کے دوران کے لمحات ہیں ،کیا کوئی بتا سکتا ہے کہ آسمان پر پھیلی نیلی روشنی کیا ہے ؟آسمان تو صاف ہے ،اس لئے بجلی کیسے چمک سکتی ہے؟ہارپ ٹیکنالوجی سے مصنوعی طور پر زلزلے پیدا کئے جا سکتے ہیں ،کیا ترکیہ میں آنے والا زلزلزلہ ’ہارپ اٹیک ‘ ہے ؟۔ایک تصدیق شدہ ٹوئٹر صارف نے لکھاتین ہفتے قبل، ایف ای ٹی او کے سرکان کارا باک نے کہا تھا کہ 7.4 کی شدت کا زلزلہ آئے گا، امریکی جہاز ترکی میں لنگر انداز ہوا اور ہارپ کا بٹن دبایا گیا! سفارتخانے بند کر کے ارکان واپس بلا لئے گئے۔ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ2 فروری 2023 بوقت 15:23 امریکی ہتھیار ہارپ سے ایک مصنوعی زلزلہ پیدا کرنے کے لیے آﺅنوسفیئر کو توانائی بخشنے کے نتیجے میں یہ بادل نمودار ہوئے، وہ استنبول میں مصنوعی زلزلہ لانا چاہتے تھے، انہوں نے جان بوجھ کر قونصل خانے بند کر دیے۔
واضح رہے کہ بنیادی طور پر ہارپ ٹیکنالوجی امریکی ریاست الاسکا میں چلنے والے ایک ریسرچ پروجیکٹ کا نام ہے جو 23 سے 35 ایکڑ رقبے پر لگائے گئے 180ٹاورز اور انٹینوں پر مشتمل ہے، جس سے 3بلین واٹ طاقتور برقی لہریںپیدا کی جا سکتی ہیں۔ ہارپ انگلش کے الفاظ “ہائی فریکوئنسی ایکٹیو ایرورل ریسرچ پروگرام کا مخفف ہے۔ اس پروجیکٹ کی بنیاد 1993ءمیں رکھی گئی، اس منصوبے کے مختلف مقاصد ہیں، حالانکہ اس کا بنیادی ارتکاز ریڈیو کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو بڑھانا بتایا جاتا ہے۔ہارپ اس وقت زلزلے سے متعلق غلط معلومات اور افواہوں کے بحران کے مرکز میں ہے۔کئی سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ ہارپسسٹم موسمی واقعات میں ہیر پھیر کرنے اور تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ہارپ کو ترکی کو مغرب کے ساتھ عدم تعاون کی سزا دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ہارپ سسٹم کی مبینہ صلاحیتوں سے متعلق بے بنیاد نظریات کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک اور مقبول دعوے کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔متعدد سوشل میڈیا صارفین تبصرے کر رہے ہیں کہ امریکی بحری جہاز ”یو ایس ایس نِٹز“ نے ترکی نے نیچے موجود زلزلے کی بڑی فالٹ لائنوں پر سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں جو کہ یورپ میں امریکی بحری افواج کے مطابق 3 فروری کو استنبول کے ساحل پر لنگر انداز ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں