”شاہد خاقان عباسی کہیں نہیں جا رہے“احسن اقبال کا دعویٰ


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا حصہ ہیں، وہ کہیں نہیں جا رہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ہیں، پارٹی میں تقسیم کی باتیں 20 سالوں سے کی جارہی ہے، ن لیگ میں اختلافات ہوسکتے ہیں، شاہد خاقان عباسی کے جانے کی باتیں کرنے والوں کو مایوسی ہوگی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے کہنے پر سخت فیصلے کیے ہیں، معیشت بہتر ہو تو عوام کو بھی ریلیف ملے گا، آئی ایم ایف کی شرائط بڑی حد تک پوری کر لی ہیں، پر امید ہیں مذاکرات کامیاب ہوں گے، آئی ایم ایف کو پتہ ہے معاملے کو طول دینے سے پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے۔
یاد رہے کہ دن بھر شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں جبکہ شاہد خاقان عباسی کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کی تھی تاہم بعد ازاں نواز شریف اورمریم نواز کے ترجمان ،سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے استعفے کی تصدیق کردی تھی جبکہ لندن میں بیٹھے پارٹی قائد میاں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پارٹی قائدین کو ہدایت کی ہے کہ شاہد خاقان عباسی سے مل کر انہیں منایا جائے اور ان کے تحفظات دور کئے جائیں ۔دوسری طرف بہاولپور میں مریم نواز نے بھی شاہد خاقان عباسی کو منانے کے لئے ملاقات کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں