سندھ کے مذہبی و عوامی مقامات کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ


کراچی(وقائع نگار)پولیس لائن پشاور کی مرکزی جامع مسجد میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کے بعد سندھ پولیس بھی الرٹ ہوگئی، صوبے میں سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پشاور پولیس لائنز دھماکے کے تناظر میں انسپکٹر جنرل (آئی جی )سندھ پولیس غلام نبی میمن کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی سطح پر سکیورٹی کے مجموعی اقدامات کا بریفنگ ٹو بریفنگ جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، اقلیتی عبادت گاہوں سمیت عوامی مقامات کی سکیورٹی سخت کی جائے گی۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اجلاس میں کہا کہ اہم عمارتوں، دفاتر، کنٹومنٹ ایریاز اور اہم تنصیبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، سکولز، کالجز، جامعات، کاروباری مراکز اور سٹاک ایکسچینج منتظمین سے مشاروت کی جائے اور پھر حفاظتی اقدامات ترتیب دیے جائیں۔غلام نبی میمن نے کہا کہ ائیرپورٹس، ریلوے سٹیشنز، بس ٹرمینلز اور ٹرک اڈوں کی سیکیورٹی سخت کی جائے، اس کے علاوہ پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور منتخب مقامات پر پکٹنگ کو مربوط بنایا جائے، شہروں میں تمام سی سی ٹی وی کیمرے 100 فیصد ایکٹیو کیے جائیں، رینجرز، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے روابط مضبوط کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں