پولیس لائن خود کش دھماکے میں کتنے افراد شہید ہوئے؟انتہائی افسوسناک خبر آ گئی

پشاور(وقائع نگارخصوصی)پولیس لائن پشاور کی مرکزی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہو گئی ہے جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے کئی کی حالت انتہائی تشویشناک بیان کی جا رہی ہے ۔
پاکستان ٹائم کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے 28 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے تمام افراد پولیس اہلکار تھے جبکہ 150سے زائد زخمی ہیں،میری پشاور کے تمام نوجوانوں سے گذارش ہے کہ جن کے خون کا گروپ او نیگٹیو ہے وہ فوری طور پر ہسپتالوں میں جا کر خون کے عطیات دیں ۔انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار ہی ہیں،ریسکیو آپریشن کا کام بڑی تیزی کے ساتھ جاری ہے۔دوسری طرف سرکاری حکام نے پولیس اہلکاروں سمیت 30 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کردی ہے،مسجد کا ملبہ ہٹانے کے لئے بھاری مشینری ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری طرف لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے پولیس لائن کی مرکزی مسجد میں ہونے والے افسوسناک خود کش دھماکے میں اب تک 22افراد شہید ہو گئے ہیں جبکہ 60افراد زخمی ہیں جن میں سے کئی افراد کی حالت تشویش ناک بیان کی جا رہی ہے۔ترجمان کے مطابق ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔دوسری طرف حیات آباد ہسپتال میں بھی سات افراد شہید ہو چکے ہیں جس کے بعد دھماکے سے مجموعی طور پر 30 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے،ہسپتالوں میں افرا تفری کا عالم ہے اور 15زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بیان کی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ پشاور پولیس لائن کی مسجد میں نماز ظہر ادا کی جا رہی تھی کہ پہلی صف میں موجود دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا،دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ مسجد کا ایک حصہ بھی منہدم ہو گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں