لاہور میں مستحق بچوں کے لئے عالمی معیار کے سکول کا قیام،سہولیات ایسی کہ یقین کرنا مشکل ہو جائے

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)معروف فلاحی ادارے”المرا فاونڈیشن“ نے لاہور میں یتیم اور مستحق بچوں کیلئے بین الاقوامی معیار کا ایک اور تعلیمی ادارہ قائم کردیا،افتتاحی تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت ۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق المرا فاﺅنڈیشن کے زیر انتظام یہ ادارہ چھوٹے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے لاہور کی نجی سوسائٹی راجپوت ٹاﺅن میں قائم کیا گیا ہے، ادارے کی بلڈنگ کا افتتاح سماجی کارکن اور معروف گلوکار ابرارالحق،ڈی آئی جی محبوب اسلم اور چیئرپرسن المرا ٹرسٹ مسز صوفیہ وڑائچ نے ایک تقریب میں کیا۔پروگرام میں امریکہ کے اعزازی کونسل شاہد احمد خان نے بھی شرکت کی۔

شرکاء سے اپنے خطاب میں ابرار الحق نے کہا کہ وقت کی شدید کمی کے باوجود وہ ضروری سمجھتے ہیں کہ اس تقریب میں شرکت کریں اور اس مقصد کو سپورٹ کریں۔ڈی آئی جی محبوب اسلم کا کہنا تھا المرا فاﺅنڈیشن ستائیس سال سے جو مشن سرانجام دے رہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔


تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فاﺅنڈیشن کی چیئرپرسن مسز صوفیہ وڑائچ نے کہا کہ اس سکول میں داخل ہونیوالے بچے اسی معیار کی تعلیم حاصل کریں گے جو ان کے اپنے بچوں نے حاصل کی،المرا فاونڈیشن کا مشن ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہو سکے اس بات کو یقینی بنائے کہ مستحق اور بے وسیلہ بچوں کو تعلیمی اخراجات کے بڑھتے بوجھ سے نجات دلا کر مفت اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے تاکہ ان بچوں کی تمام توجہ حصول علم پر مرکوز رہے اور ان کے والدین تعلیمی اخراجات کی ادائیگی کے حوالے سے کسی خوف یا پریشانی کا شکار نہ ہوں۔

صوفیہ واڑائچ کا کہنا تھا کہ المرا فاونڈیشن کا مقصد ہے کہ وہ کم سن بچوں کے ہاتھوں سے اوزار لے کر انہیں قلم اور کتاب تھمادے تاکہ ہمارے بچے مشکل حالات کی بھینٹ چڑھنے کی بجائے تعلیم کے ذریعے اپنے مقدر کی نئی راہیں تلاش کریں اور عزم و حوصلہ سے اپنی تقدیر سنواریں۔یہی سب سے بڑی سماجی بھلائی اور قومی خدمت ہے جس کا نتیجہ انشا ءاللہ ایک خوشحال اور تعلیم یافتہ پاکستان کی صورت میں نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے بہتر تدریسی عمل کے ساتھ ساتھ بہتر ماحول بھی فراہم کرنے کی ضرورت ہے،دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اساتذہ کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ کے ہمارے بچے روشن مستقبل کیلئے تیار ہوسکیں،معیار تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بچوں کی بہتر بنیادی تعلیم و تربیت کے ساتھ اساتذہ کی اعلیٰ تربیت بنیادی حیثیت رکھتا ہے،ہم ان بنیادی ایشوز پر فوکس کئے ہوئے ہیں۔

صوفیہ وڑائچ نے کہا کہ پاکستان دنیا میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد میں دوسرے نمبر پر ہے،ایک اندازے کے مطابق، 5 سے 16 سال کی عمر کے کل 22.8 ملین بچے سکول نہیں جاتے،جو کہ اس عمر کے گروپ کی کل آبادی کا 44 فیصد بنتا ہے،ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے ان بچوں کو بہتر سے بہترین تعلیم دیں تاکہ یہ بچے معاشرے کا بہترین فرد بن سکیں اور ملک و قوم کی خدمت کرسکیں،یہی المرا فاﺅنڈیشن کا مشن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں