پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،عمران خان کا رد عمل بھی آگیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر رد عمل دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹ اورنااہل حکومت نے معیشت کا ابتر حال کردیا ہے،ان سے معیشت سنبھل نہیں رہی،عوام اور تنخواہ دار طبقہ کو پیس کر رکھ دیا،پیٹرول کی قیمت میں 35 روپے اضافہ ہو گیا،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 33 فیصد کمی ہوئی، 200 ارب کے منی بجٹ کے ساتھ مہنگائی 35 فیصد ہونے کا امکان ہے۔
دوسری طرف سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ یہ پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس بھی بڑھائیں گے،ابھی تو شروعات ہیں،مزید مہنگائی ہوگی،عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف)ان سے گیس کی قیمت میں بھی اضافہ کرائے گا، مہنگائی کا ایک ریلہ آئے گا،آئی ایم ایف تو اپنی شرائط منوائے گا،آئی ایم ایف کی شرائط باقی معیشت کا بیڑہ غرق کردیتی ہیں،مہنگائی تو کم نہیں ہوگی لیکن ڈیفالٹ کا رسک کم ہو جائے گا۔
شوکت ترین نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ برآمدات بڑھائیں،آئی ایم ایف کسی ملک کا حل نہیں ہے،ہم بار بار آئی ایم ایف کے پاس اس لئے جاتے ہیں کہ سخت فیصلے نہیں لیتے،ہم ایکسپورٹ بڑھارہے تھے،ریونیو بھی 30 فیصد بڑھ گیا تھا، یہ ہماری ڈگر پر چلتے رہتے تو حالات ایسے نہ رہتے،یہ پھنس گئے ہیں،یہ تیاری کرکے نہیں آئے تھے،معیشت کو چلانا ان کا مقصد ہی نہیں تھا،اب تو برآمدات اور کم ہونا شروع ہوجائے گی،آئی ایم ایف ہماری مشکلات کا حل نہیں ہے،ہم نے اپنے پیر پر کھڑے ہونا ہے،ہم معاشی ایجنڈے کی تیاری کررہے ہیں،اب ہم حکومت میں آئیں گے تو سخت فیصلے کریں گے۔یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 35،35 روپے اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں