شیخ رشید نے ایک بار پھر عمران خان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ،سنگین ترین خدشے کا اظہار


اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سابق وفاقی وزیرداخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) شیخ رشید احمدکا کہنا ہے کہ الیکشن ملتوی کرانے کے لئے عمران خان پر حملہ جب کہ انہیں زہر اور سلو پوائزن بھی دیا جاسکتا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف وطن واپس نہیں آرہے، مطلب ہے کہ نواز شریف سرینڈر کر گئے، پہلے بھی کہا تھا فروری کا مہینہ اہم ہوگا، مقابلہ ڈالر اور پیٹرول میں ہے، پہلے کیا 300 روپے کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اسرائیل اور بھارت سے بات چیت کو تیار نہیں تھا جس کا خمیازہ وہ بھگت رہے ہیں لیکن اس کے باوجود عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم دلدل میں تھے،یہ حکومت گہرائی میں گرگئی ہے، سندھ میں آٹانہ ملنے سے لوگ مر رہے ہیں، سب کا حساب ہونا چاہئے، حساب تو سب کا ہوگا۔
قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن سے متعلق سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کل میٹنگ بلائی ہے جس میں میرا بھتیجا شریک ہوگا، کل عمران خان فیصلہ کریں گے کہ تمام نشستوں سے عمران خان الیکشن لڑیں گے یا پی ٹی آئی کے امیدوار حصہ لیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور نواز شریف دو مختلف پارٹیاں ہیں، ایک نے ڈیل کی، ایک نے ڈھیل لی، بڑے سیاستدان زمینی حقائق سے آشنا نہیں ہیں۔صوبوں میں الیکشن سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ حکومت صوبوں میں الیکشن کرانے کو تیار نہیں، کیونکہ گورنرخیبر پختونخوا نے کہا الیکشن کرانا الیکشن کمیشن، اسٹیبلشمنٹ کا کام ہے، لہٰذا صوبوں میں الیکشن کا فیصلہ عدالت کر سکتی ہے اور اگر الیکشن ہوگئے تو ان کی سیاست دفن ہو جائے گی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر ایک اور حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ان لوگوں نے عمران کو قتل کرانے کی سازش بنائی ہے، انہیں زہر اور سلو پوائزن بھی دیا جا سکتا ہے، البتہ الیکشن ملتوی کرانے کے لئے عمران خان پر حملہ ہوسکتا ہے، اسی لئے میں انہیں تجویز دی ہے کہ بڑے جلسے نہ کریں اور باہر نہ نکلیں لیکن وہ ایکسرے ٹھیک آنے کے بعد باہر نکلیں گے۔سابق وزیر نے کہا کہ میرے حلقے کی عوام کے پاس قبر اور کفن دفن کے لئے پیسے نہیں ہیں، میں نے اپنے لوگوں سے کہا ہے کہ کوئی کچھ چھیننے آئے تو اسے دے دو، لوہا اور گھروں کے میٹر چوری ہو رہے ہیں، میرے گلی محلےغیر محفوظ ہیں تو پورا ملک غیر محفوظ ہے، آج کل لوگ سب دے دیتے لیکن اپنا موبائل نہیں دے پاتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں