عمران خان کی گرفتاری بارے رانا ثناء اللہ نے ایسی بات کہہ دی کہ کھلبلی مچ جائے

لندن(بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ہوں لیکن ان کی باتیں سن کر ذہن بنتا ہے کہ ایک مرتبہ گرفتار کرنا چاہیے۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ وطن واپسی سے قبل نواز شریف سے حتمی ہدایات لینے آیا ہوں،یکم فروری سے مریم نواز کا پنجاب اور پھر خیبر پختونخوا کا دورہ شروع ہو گا،نواز شریف سے ہدایات لے کر کل پاکستان روانہ ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے مرکزی رہنما فواد چودھری کی گرفتاری کو سیاسی انتقام نہیں کہا جا سکتا،جو آدمی یہ کہہ رہا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ حکومتی انتقام ہے تو اس کو کم ازکم ایف آئی آر پڑھ لینی چاہیے،ایف آئی آر سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر درج ہوئی،سیکریٹری الیکشن کمیشن شکایت کرے اور اس پر مقدمہ درج نہ ہوتو ایسا ممکن نہیں ہے،الیکشن کمیشن کے خلاف انہوں نے جو بات کی یا دھمکی دی ہے،اس پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیا ہے اور یہ مقدمہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ہے،مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے آج ہدایات لے کر کل پاکستان کے لیے روانہ ہو جاوں گا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ میں اس وقت عمران خان کی گرفتاری کے حق میں نہیں ہوں لیکن جو 25 مئی کی طرح کی گفتگو کر رہے ہیں اور پھر 26 نومبر کو جو سمندر لا رہے تھے تو اس کے اوپر میرا ذہن بنتا ہے اس کو ایک دفعہ گرفتار کرنا چاہیے تاکہ جو طوفان یہ لانا چاہتے ہیں تو ایک دفعہ پھر دیکھ ہی لیں کہ کیا کرتے ہیں،مجھے پتا ہے کہ یہ کچھ نہیں کر سکیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں