پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات ،پی ڈی ایم قیادت نے الیکشن ملتوی کرانے کےلئے سر جوڑ لئے


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتوں کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
’پاکستان ٹائم‘کے مطابق وزیراعظم ہاوس میں شہباز شریف سے اتحادی رہنماوں نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزراءخواجہ آصف،سردار ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق بھی شریک ہوئے۔اتحادیوں کے درمیان ملاقات میں سیاسی و معاشی صورتحال اور عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) پروگرام پر تبادلہ خیال جب کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی۔وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی ملاقات کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر حکمت عملی پرغور کیا گیا۔ملاقات میں شہبازشریف نے اتحادیوں کو آئی ایم ایف کی سخت شرائط اور مشکل معاشی حالات کا بتایا۔ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ مجبوری میں مشکل اور سخت معاشی فیصلوں کا دفاع مل کر کیا جائے گا،معاشی استحکام کیلیے سیاسی استحکام ضروری ہے اور اس کیلیے وزیراعظم پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں مشکل فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت نے انتخابات نئی مردم شماری پر کرانے کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی حکومت الیکشن کمیشن سے رجوع کرکے انتخابات نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت کرانے کی تجویز پیش کرے گی جس کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخواالیکشن ملتوی ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں بھی پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے گورنر پنجاب اور گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی اسمبلیوں کے ممکنہ تاریخوں سے آگاہ کردیا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز کو الگ الگ خطوط میں لکھا ہے کہ پنجاب میں صوبائی عام انتخابات 9 سے13 اپریل کےدرمیان جبکہ کے پی اسمبلی کیلئے پولنگ 15 سے 17 اپریل کے درمیان کرائی جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں