”پرویز الٰہی کی رکنیت معطل ہے،الیکشن غیر آئینی اور غیر قانونی“چوہدری شجاعت حسین بھی میدان میں آگئے

اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان مسلم لیگ ق کے سابق رہنما طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کی رکنیت معطل ہوچکی ہے،آج کا الیکشن غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
وفاقی وزیر اور چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت بہتر نہیں ہے اس لیے ہم پریس کانفرنس کررہے ہیں، ہمیں پتا ہے لاہور میں ڈرامہ کیا جارہا ہے،وقت آنے پر بتائیں گے لاہور میں ڈرامہ کیوں کیا جا رہا ہے؟پارٹی کے صدر چوہدری شجاعت ہیں،پرویز الٰہی کے فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں،پرویز الٰہی کچھ دن قبل عمران خان پر بڑے فریفتہ تھے،پھر پارٹی ضم کرنے کی ہمت کیوں نہیں کی؟ہم چند دنوں میں اجلاس بلائیں گے،پاکستان مسلم لیگ ق موجودہ وفاقی حکومت کا حصہ ہے،ہم چوہدری پرویز الٰہی سے غیرسنجیدگی کی توقع نہیں رکھتے تھے،چوہدری پرویز الٰہی چند دن پہلے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی باتیں کر رہے تھے،ہم چوہدری پرویز الٰہی کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں،ہم جنرل کونسل کا اجلاس اپنے وقت پربلائیں گے۔مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین ہیں،الیکشن کمیشن کا فیصلہ میرٹ پر ہوا تو چودھری شجاعت کے حق میں ہوگا،یہ وہ ٹولہ ہے جو باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں ضم ہونے جا رہا ہے،ہمیں اعتراض نہیں پرویز الٰہی جس مرضی پارٹی میں جائیں ۔
اس موقع پر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت کو نکال کر پرویزالٰہی نے 28 جولائی کی طرح اقدام کیے تھے،جنرل کونسل کا اجلاس اچانک منعقد نہیں ہوسکتا،کم ازکم 10 دن کا نوٹس دیا جاتا ہے،قوم کو دھوکہ دیا جارہا ہے، قانونی اور آئینی طور پر چوہدری شجاعت ق لیگ کے صدر ہیں،چوہدری شجاعت کو ہٹانے کی خبر صرف ٹی وی کی حد تک ہے،انکے فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں