چوہدری شجاعت فارغ ،وجاہت حسین ق لیگ کے صدر،کامل علی آغا سیکرٹری منتخب

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ق کی جنرل ورکنگ کونسل نے چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹا تے ہوئے ان کی جگہ چوہدری وجاہت حسین کو ق لیگ کا مرکزی صدر اور سینیٹر کامل علی آغا کو چوہدری طارق بشیر چیمہ کی جگہ مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا ہے ،سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ایک بار پھر ق لیگ پنجاب کے صدر منتخب ہو گئے ہیں ۔

”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مسلم لیگ ہاوس ڈیوس روڈ میں پاکستان مسلم لیگ ق کی ورکنگ کونسل کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹاتے ہوئے ان کے بھائی چوہدری وجاہت حسین کو مسلم لیگ ق کا صدر،طارق بشیر چیمہ کی جگہ سینیٹر کامل علی آغا کو مرکزی سیکرٹری جنرل جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کو بلا مقابلہ مسلم لیگ ق پنجاب کا صدر منتخب کر لیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام ایم پی ایز کا شکر گزار ہوں،بلامقابلہ منتخب ہونے پر ارکان کو مبارکباد دیتا ہوں،عمران خان کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں،عمران خان کا مشکورہوں کہ مجھے وزارت اعلی دی،خان صاحب سے کہا جب چاہیں اسمبلی توڑ دیں،عمران خان آج بھی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں،ہمیشہ عمران خان کے ساتھ رہیں گے،قائد اعظم کے بعد اتنا ایماندار لیڈر پاکستان میں نہیں آیا،اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ چلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 5 ماہ میں ساڑھے 5 سال کے کام کیے،لاہور میں21 ارب روپے کے منصوبے دیے،ہمارے دور میں عوام کو پہلی مرتبہ سستا آٹا ملا،محسن نقوی کا کام صرف انتخابات کروانا ہے،محسن نقوی کی نوکری 2 سے ڈھائی ماہ کی ہے،محسن نقوی ایسا کام کریں جو لوگ یاد رکھیں،محسن نقوی انتقامی کارروائیوں سے گریز کریں،محسن نقوی کو اپنے لوگوں میں عزت بنانی چاہئے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ ہماری عدلیہ آزاد ہے،ہمیں یقین ہے کہ عدلیہ سے انصاف ملے گا،ن لیگی لیڈر نے سپریم کورٹ کے جج کے خلاف بک بک کی،ن لیگی کون ہوتے ہیں جج کے خلاف بک بک کرنے والے، آئندہ الیکشن ہم نے پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ ہو کر لڑنا ہے،ہم سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں،گھبرانے والے نہیں۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ارد گرد بیٹھنے والے چار پانچ لوگوں نے مروایا ہے،یہ جو آج پکڑا گیا ہے(فواد چوہدری) یہ پہلے پکڑا جاتا تو ہمارا کام ہو جانا تھا،مونس الٰہی بھی فواد چودھری کو دوست سمجھتا ہے میں نے اس کو سمجھایا ہے،خان صاحب کے قریب جو لوگ ہیں انہوں نے پارٹی کی جڑ ہی کاٹ دی ہے،میں نے پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو،چار پانچ لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے،پہلے پکڑا جاتا تو ہماری حکومت نہ جاتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں