عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو وائرل کیس،دانیا شاہ پر فرد جرم عائد

کراچی(کورٹ رپورٹر)شہر قائد کی مقامی سٹی کورٹ نے معروف ٹی وی اینکر اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کے مرحوم رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی جبکہ دانیہ شاہ کی جانب سے صحت جرم سے انکار کرنے پر عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیے،کیس کا ٹرائل 2 فروری سے شروع ہو گا،عدالت نے گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق آج دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کا نام کیا ہے؟جس کے جواب میں ملزمہ نے کہا میرا نام دانیہ شاہ ہے،عدالت نے پوچھا کہ آپ کے والد کا کیا نام ہے؟تو دانیہ شاہ نے جواب دیا کہ میرے والد کا نام مختیار ملک ہے۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ 2022 سے پہلے اور بعد میں آپ نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی ویڈیوز بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔عدالت کے استفسار پر دانیہ نے کہا کہ یہ میرے خلاف سازش ہے،یہ اس لیے کیا جا رہا ہے کہ میں ڈاکٹر عامر کا پوسٹ مارٹم کرانا چاہتی تھی۔عدالت نے کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ آپ نے ڈاکٹر عامر کی ویڈیوز ان کی اجازت کے بنا بنائیں،دانیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات ہیں،ایسا کچھ نہیں ہے۔واضح رہے کہ دانیہ کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز لیک کرنے کے الزام میں لودھراں میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں