اسحاق ڈار،مفتاح اسماعیل کے نشانے پر،معاشی تباہی کا ذمہ دار قرار دے دیا

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک بار پھر اپنی ہی جماعت کے سینئر رہنما اور میاں نواز شریف کے قریبی رشتہ دار وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے معاشی تباہی کا ذمہ دار قرار دے دیا اور الزام عائد کیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کوشش کی ہے جس سے پاکستان کو بڑا نقصان ہوا۔
”پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک میں اشرافیہ کے نظام کا خاتمہ ہونا چاہیے کیونکہ چھوٹی سی اشرافیہ پورے ملک کے تمام فیصلے کر رہی ہوتی ہے۔اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے کوشش کی ہے جس سے پاکستان کو بڑا نقصان ہوا،اسحاق ڈار نے پبلک میں میرے خلاف بات کی اور میری صلاحیت پر سوال اٹھائے جس پر میں نے صرف اسحاق ڈار کو جواب دیا،پارٹی نے میرے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی،میں مسلم لیگ ن کا ہی حصہ ہوں،وزیر بنانا وزیر اعظم کا حق ہے اور ہٹانا بھی انہی کی صوابدید ہے جبکہ مستقبل میں میرا انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے جمہوری طرز اور صدارتی نظام حکومت آزما کر دیکھ لیا جبکہ ہم تو آمریت بھی دیکھ چکے ہیں،ہر ملک ہم سے آگے جا رہا ہے لیکن ادھر گورننس ٹھیک نہیں،حکومت عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)کی کڑی شرائط تسلیم کرنے پر راضی ہو گئی ہے تاہم اب نچلے طبقے کے لیے روزگار پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں