عمران خان نے حکومت کو بڑا چیلنج دے دیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مجھے کبھی گرفتار نہیں کر سکتی۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی، عمران خان نے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو ہدایت جاری کر دی۔اس موقع پر عمران خان نے سینئر رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں،امپورٹڈ حکومت مجھے کبھی گرفتار نہیں کر سکتی، 22 کروڑ عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں،فواد چوہدری تحریک انصاف کے ہر اول دستے کے کارکن ہیں۔دوسری طرف فواد چوہدری کی گرفتاری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔تحریک انصاف کے کارکن مختلف شفٹوں میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کریں گے۔پہلے مرحلے میں لاہور کے مختلف ٹاون کے ورکرز زمان پارک کے باہر ڈیوٹی دیں گے،ایک دن میں ایک ٹاون کے ورکرز صبح شام دو شفٹوں میں زمان پارک کے باہر پہنچیں گے۔دوسرے مرحلے میں دیگر اضلاع کے کارکن بھی زمان پارک میں ڈیوٹی سر انجام دیں گے،سینئر قیادت نے اس حوالے سے تمام ٹاونز اور ضلعی صدور کو ہدایت جاری کر دیں۔

عمران خان نے پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا اجلاس آج زمان پارک میں طلب کرلیا،اجلاس میں پارٹی کے سینئر وکلاءبھی شریک ہوں گے۔عمران خان سینئر رہنماوں سے موجوہ صورتحال پر مشاورت کریں گے۔حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر پارٹی اپنا آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرے گی جبکہ حکومت کی جانب سے الیکشن میں تاخیر سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوگا۔اجلاس میں پارٹی کے دیگر رہنماوں کی ممکنہ گرفتاریوں کے ردعمل کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو آج کے اجلاس کے لئے ٹھوس تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دے دی۔ادھر سابق وزیر اعظم عمران خان نے فواد چودھری کی اہلیہ کو بھی فون کر کے یکجہتی کا اظہار کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں آج شام 4 بجے میڈیا سے گفتگو کروں گا،فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد کوئی شک نہیں رہا کہ پاکستان ایک بنانا ری پبلک بن چکا ہے،ایساملک جہاں قانون کی حکمرانی نہیں،ہمیں اپنے بنیادی حقوق کے لئے کھڑا ہونا ہو گا۔پاکستان اس جانب جا رہا ہے جہاں سے واپسی ممکن نہیں،ہمیں پاکستان کو بچانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں