چوہدری نثار علی خان کا انتخابی اکھاڑے میں اترنے کا اعلان ،کس پارٹی سے الیکشن لڑیں گے؟خود ہی بتا دیا


اسلام آباد(وقائع نگار)سابق وزیر داخلہ اور ماضی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنما تصور کئے جانے والے چوہدری نثار علی خان نے آئندہ عام انتخابات میں اترنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ الیکشن کسی سیاسی جماعت کے انتخابی نشان پر نہیں بلکہ آزاد حیثیت میں لڑیں گے ۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق نجی ٹی وی کو دیئے جانے والے خصوصی انٹرویو میں مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کرنے والے چوہدری نثار علی خان نے قومی اور صوبائی اسمبلی سے انتخاب آزاد حیثیت میں لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن سے 30 سال کا تعلق رہا ہے، ن لیگ کے ساتھ روابط ہیں مگر شمولیت کا فیصلہ انتخابات کے بعد کروں گا۔چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان سے دوستی کا تعلق ہے، پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) میں شامل ہوا تو ہو سکتا ہے دوستی کا تعلق بھی نہ بچے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن سے ناراض ہونے والے چوہدری نثار علی خان نے 2018ءمیں آزاد حیثیت سے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پر انتخاب میں حصہ لیا تھا لیکن وہ صرف پنجاب اسمبلی کی نشست پر ہی کامیاب ہوئے تھے۔چند روز قبل چودھری نثارعلی خان نے کہا تھا کہ آئندہ الیکشن میں این اے 57 سے حصہ لوں گا، میرے حلقے میں مدمقابل جو لوگ ہیں وہ آسمان سے نہیں اترے ہوئے، ٹیکسلا میں میری عوامی خدمت کے نشانات جابجا آپ کو نظر آئیں گی۔یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آزاد گروپ کے قیام کے لیے ابتدائی ہوم ورک شروع کر دیا ہے، وہ اپنے ہم خیال سیاستدانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انہیں آزاد حیثیت میں آئندہ عام انتخابات لڑنے کے لیے آمادہ کر رہے ہیں، اب تک کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وہ خود بھی آزاد حیثیت میں آئندہ الیکشن لڑیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں